حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے مرکزی رابطہ سیکرٹری اور جامعہ مدینۃ العلم اسلام آباد کے مدیر حجت الاسلام و المسلمین علامہ ڈاکٹر سید محمد نجفی نے آج اپنے ایک بیان میں کہا کہ سیالکوٹ وزیر آباد روڈ پر فیکٹری میں سری لنکن منیجر کا بہیمانہ قتل،اور اس کی میت کی توہین اور لاش سوزی کے عمل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے اور اسلام امن کا درس دیتا ہے اس انسانیت کے اس منافی عمل نے ایک مرتبہ پھر پوری دنیا میں ایک سوالیہ نشان چھوڑا یہ ایک حقیقت ہے اسلام جو زمانہ جاہلیت کے قتل عام کو رکوانے آیا تھا اور امن و سلامتی کا مذہب تھا اور ہے! اس کی ساکھ کو اتنا نقصان غیروں نے نہیں پہنچایا جتنا خود ساختہ مذہبی ٹھیکیداروں نے پہنچایا ہے ۔
علامہ محمد نجفی کا مزید کہنا تھا کہ اس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے، حضرت محمد مصطفیٰ (ص) کا ارشاد گرامی ہے مہمان کا احترام کرو اگرچہ وہ کافر ہی کیوں نہ ہو۔کیا یہی احترام مہمان ہے ؟اللہ ہم سب پر رحم فرمائے اور دین اسلام کی روح کو سمجھ کر اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین